ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گدگ : نرگند میں تشدد کی وارداتوں کو روکنے میں کوتاہی کے معاملے میں پولس انسپکٹر نندیشور کمبار معطل 

گدگ : نرگند میں تشدد کی وارداتوں کو روکنے میں کوتاہی کے معاملے میں پولس انسپکٹر نندیشور کمبار معطل 

Sun, 30 Jan 2022 19:10:38    S.O. News Service

گدگ، 30/ جنوری (ایس او نیوز) کرناٹکا کے نرگند میں مبینہ آر ایس ایس اور بجرنگ دل کارکنوں کے حملہ میں ایک مسلم نوجوان کے بیہمانہ قتل  کے دو ہفتوں بعد ایک پولس انسپکٹر کو اپنی ذمہ داری پوری طرح ادا نہ کرنے کی پاداش میں معطل کردیا گیا ہے۔

بیلگاوی نارتھ زون کے انسپکٹر جنرل آف پولس (آئی جی پی) این ستیش کمار نے اتوار کواحکامات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نرگند کے انسپکٹر نندیشور کمبار کو معطل کردیا گیا ہے۔

 شہر میں پچھلے کئی دنوں سے دو فرقوں  سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان کشیدگی  چل رہی تھی ۔ ایک مرحلہ پر ایک فرقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اردو اسکول میں گھس کر طلبہ کو پیٹا بھی تھا ، جس کے بعد شہر میں فرقہ وارانہ تناو راکھ میں دبی چنگاری بن گئی تھی۔

اس دوران 17 جنوری کو پولس تھانہ کے باہر پولس آفسران کی موجودگی میں اُن کے سامنے ہی بجرنگ دل کے لیڈروں نے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیں اور اسی دن رات میں دو مسلم نوجوانوں پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں سے سمیر شاہ پور نامی ایک اُنیس سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے۔ ایک بے گناہ نوجوان کا قتل کرنے اور دوسرے پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شرپسندوں کو گرفتار کرنے میں بھی نرگند پولیس نے ٹال مٹول کا رویہ اپنایا تھا۔

اب اس تمام معاملہ کو صحیح ڈھنگ سے سنبھالنے میں کوتاہی برتنے کی سزا کے طور پرپولس انسپکٹر نندیشور کمبار کو معطل کیا گیا ہے۔


Share: